پشاور: پیسکو ریجن میں شدید بارش اور طوفان کے باعث 159 فیڈرز سے بجلی کی سپلائی معطل

کاشف عزیز
پشاور: خیبرپختونخوا میں شدید بارش اور طوفانی موسم کے باعث پیسکو ریجن میں بجلی کا نظام متاثر ہوگیا، مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 159 فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔

پیسکو ترجمان کے مطابق خراب موسم کے باعث پشاور سرکل میں 41، مردان میں 21، خیبر میں 13، صوابی میں 53 جبکہ سوات سرکل میں 31 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی عارضی طور پر بند ہوگئی۔

ترجمان نے بتایا کہ پیسکو عملہ بجلی کی بحالی کے لیے فیلڈ میں مصروف ہے جبکہ صورتحال کی کنٹرول روم سے براہ راست نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق بحالی کے کام کو تیز کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب پیسکو چیف اختر حمید خان نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے آپریشن ٹیموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یہ سلسلہ کب تک چلے گا؟ بنوں واقعہ پر ایمل ولی خان کا سخت ردعمل

انہوں نے کہا کہ متاثرہ فیڈرز پر بجلی کی قبل از وقت بحالی کے لیے تمام ضروری سامان متعلقہ ٹیموں کو فراہم کر دیا گیا ہے۔

پیسکو چیف نے عملے کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم اور بارش کے دوران خصوصی احتیاط برتی جائے اور حفاظتی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

ادارے کے مطابق بحالی کا عمل جاری ہے اور جیسے جیسے موسم میں بہتری آئے گی، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کی جائے گی۔

Scroll to Top