وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کے دورہ چین کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ بدھ کی شام بیجنگ پہنچیں گے۔ دورے کے آغاز پر جمعرات کی صبح ان کا سرکاری سطح پر استقبال کیا جائے گا، جبکہ اسی روز شام کے وقت ان کے اعزاز میں سرکاری ضیافت (عشائیہ) منعقد ہوگی۔
شیڈول کے مطابق جمعہ کے روز روانگی سے قبل امریکی صدر اور چینی صدر کی ایک ملاقات چائے کی نشست کی صورت میں بھی ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دورے کے دوران امریکا اور چین کے درمیان مشترکہ تجارتی اور سرمایہ کاری بورڈ پر کام کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے امریکا اور دنیا کو تماشا بنا رکھا ہے، ردعمل میں حملے ہو سکتے ہیں، ٹرمپ
دونوں ممالک کے درمیان ایرو اسپیس، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون اور گفتگو بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ اس موقع پر چینی صدر کو رواں سال امریکا کے دورے کی دعوت بھی دیں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ایران اور روس کے حوالے سے چین کی پالیسی اور حمایت پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔





