مہمند اور داسو ڈیمز کی تعمیراتی لاگت میں کھربوں روپے کا اضافہ

مہمند اور داسو ہائیڈرو پاور منصوبوں کی تعمیراتی لاگت میں مجموعی طور پر کھربوں روپے کا اضافہ سامنے آیا ہے، جس کی تفصیلات وزارتِ آبی وسائل نے قومی اسمبلی میں پیش کر دی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق دونوں منصوبوں کی مجموعی لاگت 8 کھرب روپے سے بڑھ کر 24 کھرب روپے تک جا پہنچی ہے، جس سے مجموعی طور پر 16 کھرب 7 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مہمند ڈیم کی ابتدائی لاگت 309 ارب 55 کروڑ روپے تھی جو بڑھ کر 665 ارب 74 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔

اس طرح منصوبے کی لاگت میں 356 ارب 18 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ وزارت کے مطابق مہمند ڈیم کا نظرثانی شدہ پی سی ون وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات میں منظوری کے مراحل میں ہے۔

اسی طرح داسو ڈیم کی لاگت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ دستاویز کے مطابق 2014 میں منظور شدہ پی سی ون کے تحت منصوبے کی ابتدائی لاگت 486 ارب 93 کروڑ روپے تھی جو اب بڑھ کر 17 کھرب 37 ارب 88 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : غیر رجسٹرڈ اسکولوں کیخلاف گھیرا تنگ، جرمانے اور سیلنگ کا امکان

اس طرح اس منصوبے میں 12 کھرب 51 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دوسرا نظرثانی شدہ پی سی ون دسمبر 2025 میں نیشنل اکنامک کونسل (NEC) نے منظور کیا۔

دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دونوں منصوبوں میں مقامی آبادی کی ترقی کے لیے مختص فنڈز میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

مہمند ڈیم کے لیے یہ رقم 16 کروڑ روپے سے بڑھا کر 4 ارب 50 کروڑ روپے کر دی گئی ہے جبکہ داسو ڈیم کے لیے 7 ارب روپے سے بڑھا کر 57 ارب روپے کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق یہ نظرثانی شدہ تخمینے منصوبوں کی لاگت، تکنیکی ضروریات اور ترقیاتی اخراجات میں اضافے کے باعث سامنے آئے ہیں۔

Scroll to Top