پاکستان میں 5G ٹیکنالوجی کی توسیع کا عمل مرحلہ وار اور منظم انداز میں جاری ہے، جسے ملک کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے جاز ورلڈ نے بھی 5G سروسز کی توسیع کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
جاز ورلڈ کے سی ای او عامر ابراہیم نے پاکستان میں آئی فون پر 5G سروس کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5G ٹیکنالوجی پاکستان کے ڈیجیٹل نظام میں ایک بڑی اور اہم پیشرفت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر شزا فاطمہ اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی کاوشوں کے باعث ملک میں 5G کے آغاز کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
دوسری جانب ملک کے بڑے شہروں میں پہلے ہی محدود پیمانے پر 5G سروسز فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ مختلف مراحل میں اس نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے پر کام جاری ہے۔
ادھر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے شعبہ کمرشل نے ایک اہم اقدام کے تحت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 5G سروسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ناخنوں میں یہ تبدیلیاں نظر آئیں تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں
نجی سیلولر کمپنی کے تعاون سے اسلام آباد ایئرپورٹ پاکستان کا پہلا ایسا ایئرپورٹ بن گیا ہے جہاں 5G سروسز فعال کی گئی ہیں۔ اس نئی سہولت کے تحت مسافروں کو الٹرا فاسٹ انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی اور جدید ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی۔
حکام کے مطابق ایئرپورٹ پر 5G سروسز کے آغاز سے مسافروں کے تجربے میں نمایاں بہتری آئے گی اور یہ اقدام پاکستان میں جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔





