وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور کا اہم دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے پولیس ہیڈ کوارٹر میں شہداء کے خاندانوں سے ملاقات کی۔
وزیر داخلہ نے بنوں میں جامِ شہادت نوش کرنے والے 15 پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ملاقات کے دوران شہداء کی ماؤں کو دلاسہ دیا اور ان کی عظیم قربانی پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ باہمت ماؤں کا حوصلہ دیکھ کر ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے، شہید جوانوں نے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
وزیر داخلہ نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
بعد ازاں محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میںسی ٹی ڈی خیبرپختونخوا سے متعلق خصوصی بریفنگ دی گئی جس میں انہوں نے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں اور خوارجیوں کے خلاف سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کامیاب آپریشنز کو سراہا۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت سی ٹی ڈی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کرے گی۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے کے پی سیف سٹیز پراجیکٹ اور انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا معائنہ بھی کیا جہاں انہوں نے جدید کیمرہ ٹیکنالوجی کے ذریعے سرویلنس کے نظام کا مشاہدہ کیا۔
آئی جی پولیس ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے انہیں ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری، آئی جی ایف سی نارتھ، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔





