وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نےکہاکہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کےویزا فری معاہدے ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہمارے ویزا فری ایگریمنٹ ہوئے ہیں۔ پہلے آفیشل اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر آن آرائیول انٹری نہیں تھی۔
طلال چوہدری نے یو اے ای کے ساتھ تعلقات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کے حوالے سے پھیلائی جانے والی باتیں محض افواہیں ہیں، تاہم اگر ایسی کوئی شکایت ہوئی تو اسے ضرور دیکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے بعد سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر متحدہ عرب امارات سے ہی موصول ہو رہی ہیں اور وہاں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
قومی سلامتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ وفاق اور صوبے مل کر لڑ رہے ہیں اور نیشنل ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایوان میں نیشنل ایکشن پلان پر مکمل بحث ہونی چاہیے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کن صوبوں نے اس پر عمل کیا اور کون پیچھے رہا۔





