شاہین آفریدی سے لڑائی کی خبروں پرعمر گل نے خاموشی توڑ دی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے مبینہ تلخ کلامی یا لڑائی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اصل معاملے کی وضاحت پیش کر دی ہے۔

عمر گل نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ایسی پوسٹ دیکھی جس میں انہیں ٹیگ کر کے یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ شاہین آفریدی کوچ کی بات نہیں سن رہے اور دونوں کے درمیان گرما گرمی ہوئی ہے۔

انہوں نے اس واقعے کی حقیقت بتاتے ہوئے واضح کیا کہ یہ اس وقت کا منظر ہے جب فاسٹ بولر حسن علی انجری کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے اور شاہین آفریدی ڈریسنگ ایریا کے قریب بیٹھے تھے۔ چونکہ شاہین عام طور پر گھٹنے پر ٹیپ لگا کر بولنگ کرتے ہیں، اس لیے ان سے اسی حوالے سے معمول کی بات چیت ہو رہی تھی اور انہیں باہر جانے کا کہا جا رہا تھا کہ اچانک اطلاع ملی کہ حسن علی کو سر پر چوٹ لگی ہے جس کے بعد صورتحال فوری طور پر تبدیل ہو گئی۔

بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ اس پورے واقعے کو غلط رنگ دے کر لڑائی یا جھگڑے کا نام دیا گیا جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھا۔ ویڈیو میں نظر آنے والا ردعمل محض اس لمحے کی ہنگامی صورتحال کا فطری ری ایکشن تھا اور انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ اس وقت ریکارڈنگ ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے طرح طرح کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، تاہم عمر گل کے باضابطہ بیان نے ان تمام افواہوں کو بے بنیاد ثابت کر دیا ہے۔

Scroll to Top