بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی ،روڈ بلاک اور گاڑیوں کو جلانے کی سازش ناکام، 2 دہشتگرد جہنم واصل

بلوچستان کے علاقے روڈینجو کراس اور اس کے گرد و نواح میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کی جانب سے شاہراہ بند کرنے اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام بنا دی، جبکہ دو مسلح حملہ آور ہلاک کر دیے گئے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ شرپسند عناصر مرکزی شاہراہ پر ناکہ بندی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اطلاع ملنے پر مختلف مقامات پر نگرانی اور حفاظتی اقدامات سخت کیے گئے۔

کارروائی کے دوران مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھی گئی، جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے انہیں روکنے کی کوشش کی۔

فائرنگ کے تبادلے کے بعد حملہ آور علاقے سے فرار ہو گئے، تاہم فورسز نے تعاقب جاری رکھا اور متعدد کلومیٹر دور تک سرچ آپریشن کیا، جہاں سے دو موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔

بعد ازاں روڈینجو کراس کے جنوب میں واقع گائیوان گاؤں کے قریب شرپسندوں نے ٹرالرز کو روکنے اور انہیں نذرِ آتش کرنے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں دہشتگردوںکیخلاف گھیرا تنگ، کارروائیوں میں تیزی، آپریشنز کا دائرہ وسیع کر دیا گیا

اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے دو ٹرالرز پر فائرنگ بھی کی اور ڈرائیور کیبن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ کارروائی کے دوران فرار ہونے والے دو مسلح افراد کو تعاقب کے بعد ہلاک کر دیا گیا، جبکہ ان کی لاشیں اور اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا، جن میں جدید رائفل، سب مشین گن، متعدد میگزین، ہینڈ گرنیڈ، موبائل فونز، مواصلاتی ڈیوائسز اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔

حکام کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ مزید ممکنہ خطرات کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top