شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 28 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے بوبلی گاؤں اور گردونواح میں موثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں اب تک 12 دہشت گردوں کی لاشیں اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ کواڈ کاپٹر کے ذریعے دشوار گزار علاقوں میں مزید 8 دہشت گردوں کی لاشیں دیکھی گئی ہیں۔
آپریشن کے دوران 2 مشتبہ دہشت گردوں کو اسلحہ سمیت گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے تلاشی کے عمل کے دوران 11 دیسی ساختہ بم برآمد کر کے انہیں ناکارہ بناتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نےبوبلی کے علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے بعد وہاں موجود ان کے خفیہ زیرِ زمین بنکرز کو بھی تباہ کر دیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے زیرِ استعمال مراکز اور اہم ٹھکانوں کو مسمار کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ شرپسندوں کے نیٹ ورک کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن تاحال جاری ہے اور سیکیورٹی دستے کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر ہائی الرٹ ہیں





