خیبرپختونخوا حکومت کا امن و امان کیلئے بڑا بجٹ، 3 سال میں پولیس فنڈز میں 62 ارب 54 کروڑ روپے سے زائد اضافہ
خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور پولیس کو جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے گزشتہ تین سال کے دوران پولیس بجٹ میں 62 ارب 54 کروڑ روپے سے زائد اضافہ کیا ہے، جو مجموعی طور پر 60 فیصد سے بھی زیادہ بنتا ہے۔
محکمہ خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 2025-2026 کے بجٹ میں محکمہ داخلہ کے شعبے کیلئے مجموعی طور پر 172 ارب 72 کروڑ 77 لاکھ روپے مختص کیے ہیں۔ حکومتی حکام کے مطابق یہ خطیر رقم صوبے میں قانون کی حکمرانی، دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور سیکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر خرچ کی جائے گی۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق مجموعی فنڈز میں سے 135 ارب 33 کروڑ 90 لاکھ روپے بندوبستی اضلاع جبکہ 37 ارب 38 کروڑ 90 لاکھ روپے ضم شدہ اضلاع کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔ پولیس کے لیے خصوصی طور پر 164 ارب 52 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔
یہ فنڈز پولیس آپریشنز، اہلکاروں کی تنخواہوں، انسداد دہشت گردی اقدامات، جدید اسلحہ، سیکیورٹی انفراسٹرکچر اور تکنیکی استعداد بڑھانے پر خرچ کیے جائیں گے۔
اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس کے بجٹ میں گزشتہ تین سال کے دوران مسلسل اور نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو صوبائی حکومت کی جانب سے امن و امان کو اولین ترجیح دینے کی عکاسی کرتا ہے۔





