سہیل آفریدی کی کرپشن بے نقاب کرنے والے صحافیوں کو دھمکیاں دینا بزدلی ہے، میڈیا کسی کی بدمعاشی نہیں مانے گا،ارباب خضر حیات

سہیل آفریدی کی کرپشن بے نقاب کرنے والے صحافیوں کو دھمکیاں دینا بزدلی ہے، میڈیا کسی کی بدمعاشی نہیں مانے گا،ارباب خضر حیات

پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضر حیات نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حالیہ اقدامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری محکموں کو صحافیوں کے خلاف استعمال کرنا اور انہیں تین دن کے اندر قانونی نوٹسز جاری کرنے کی دھمکیاں دینا بزدلانہ اقدام ہے جس سے میڈیا کی زبان بند نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کا خیال ہے کہ ان دھمکیوں سے میڈیا ہاؤسز یا چینلز آپ کی کرپشن بے نقاب کرنا چھوڑ دیں گے تو یہ آپ کی بھول ہے کیونکہ جن صحافیوں کے ضمیر زندہ ہیں وہ حق گوئی کا سفر جاری رکھیں گے۔

ارباب خضر حیات نے کالے چینلزکی اصطلاح پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت چینلز کالے نہیں بلکہ وزیراعلیٰ کے اپنے کرتوت اور کام کالے ہیں جنہیں چھپانے کے لیے وہ اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے لیکن وزیراعلیٰ کے پاس اس پر قابو پانے کا وقت نہیں کیونکہ وہ کبھی پنجاب، کبھی سندھ اور کبھی اسلام آباد کے سیاسی دوروں میں مصروف رہتے ہیں اور جب انہیں ان بیرونی مداخلتوں سے فرصت ملے گی تبھی انہیں اپنے صوبے کی بربادی نظر آئے گی۔

لیگی رہنما نے واضح کیا کہ سرکاری افسران کو یہ کہنا کہ وہ صحافیوں کو نوٹس دیں ورنہ چوتھے دن گھر جائیں، سراسر بدمعاشی ہے اور نہ تو میڈیا کسی کی ایسی بدمعاشی مانے گا اور نہ ہی کوئی صحافی ان دھمکیوں کے آگے جھکے گا کیونکہ اب عوام ان تمام کرتوتوں کو خود دیکھ رہی ہے۔

Scroll to Top