العربیہ کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 5 جون کو متوقع ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ایک ابتدائی مفاہمتی یادداشت پر اتفاق بھی ہو گیا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مجوزہ امریکا ایران معاہدے کو اسلام آباد اعلامیہ کا نام دیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ مفاہمتی یادداشت حتمی معاہدے سے متعلق تفصیلی مذاکرات کی بنیاد فراہم کرے گی۔
العربیہ کے مطابق پاکستان اس پیش رفت میں اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے اعلان کی ذمہ داری بھی سنبھالے گا۔
یہ بھی پڑھیں : کسی قسم کی غلطی کی گنجائش نہیں، آبنائے ہرمز کی بندش برقرار رہے گی، امریکی صدر
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حتمی امور پر بات چیت کے لیے واشنگٹن اور تہران اپنے اپنے وفود روانہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امریکا ایران تعلقات میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے، تاہم حتمی معاہدے کے لیے مزید مذاکرات اور سفارتی مشاورت جاری رہے گی۔





