فیلڈ مارشل عاصم منیر کے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں ثالثی کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جب کہ بین الاقوامی میڈیا نے بھی اس کردار کو اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
امریکی ٹی وی سی بی ایس نیوز رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا حالیہ دورۂ تہران مذاکرات کو حتمی نتیجے تک پہنچانے میں کلیدی ثابت ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے دوران جہاں متعدد خطے تنازعات کا شکار ہیں، وہاں پاکستان نے مذاکراتی مسودے کو حتمی شکل دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل کی تہران سے واپسی کے بعد تیار کیا گیا مجوزہ مسودہ ایران اور امریکا کی قیادت کو جائزے کے لیے ارسال کیا گیا، جبکہ انہیں دونوں ممالک کی قیادت کا اعتماد حاصل بتایا گیا ہے۔ سی بی ایس نیوز نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ہم آہنگی اس سفارتی کامیابی کا اہم عنصر رہی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو “مائی فیورٹ فیلڈ مارشل” قرار دے چکے ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ماضی میں بھی امریکا اور چین کے درمیان سفارتی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔





