بجلی بلوں پر سبسڈی کے لیے نیا ڈیجیٹل نظام متعارف، کیو آر کوڈ سکین کرنے کا طریقہ کارجانئے

حکومت نے بجلی کے بلوں پر دی جانے والی سبسڈی کو شفاف بنانے اور اس کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے وفاقی کراس سبسڈی پروگرام 2026 کے تحت جدید ڈیجیٹل طریقہ کار نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پا

ور ڈویژن کے مطابق اس نئے نظام کا بنیادی مقصد ریلیف کی فراہمی کو صرف حقیقی مستحقین تک محدود کرنا ہےجس کے تحت اب ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو اپنے بلوں پر موجود خصوصی کیو آر کوڈ کے ذریعے تصدیقی عمل سے گزرنا ہوگا۔

اس طریقہ کار کے تحت صارفین کو اپنے بل پر چھپے کوڈ کو اسکین کرنا ہوگا جو انہیں ایک سرکاری پورٹل پر لے جائے گا جہاں 14 ہندسوں کا ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ کی تفصیلات درج کرنی ہوں گی۔ تصدیقی عمل کو محفوظ بنانے کے لیے صارف کے موبائل نمبر پر ون ٹائم پاس ورڈ بھیجا جائے گا جس کے بعد رجسٹریشن مکمل ہوگی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ سبسڈی حاصل کرنے کے لیے بجلی کے بل اور شناختی کارڈ پر درج نام کا ایک جیسا ہونا ضروری ہے تاکہ ایک ہی گھر میں متعدد میٹرز کے ذریعے غیر قانونی طور پر رعایت حاصل کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

ڈیجیٹل نظام سے ناواقف یا اسمارٹ فون کی سہولت سے محروم شہریوں کے لیے حکومت نے ضلعی انتظامیہ اور یونین کونسل کی سطح پر خصوصی ہیلپ کیمپس اور فیسیلیٹیشن ڈیسک قائم کر دیے ہیں جہاں عملہ رجسٹریشن میں ان کی مدد کرے گا۔

پاور ڈویژن کا مزید کہنا ہے کہ اگر کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے کیو آر کوڈ اسکین نہ ہو سکے تو صارفین متبادل کے طور پر آفیشل پورٹل پر دستی طور پر بھی اپنی تفصیلات درج کر کے اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

Scroll to Top