ملک بھر میں عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منائی جارہی ہے

ملک بھر میں آج عید الاضحی مذہبی عقیدت، جوش و جذبے اور روایتی احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جہاں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے سنتِ ابراہیمی کی یاد تازہ کرتے ہوئے نماز ادا کی۔

نمازِ عید کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کیلئے بھی خصوصی طور پر دعا کی گئی۔ علماء کرام نے اپنے خطبات میں قربانی کی اہمیت، ایثار، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت پر روشنی ڈالی۔

اسلام آباد میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں منعقد ہوا جہاں اہم سیاسی و سماجی شخصیات، غیر ملکی سفیروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد، کراچی کے مختلف مرکزی مقامات اور پشاور کی قاسم علی خان و مہابت خان مساجد میں بھی ہزاروں افراد نے نمازِ عید ادا کی۔

راولپنڈی شہر میں بھی نمازِ عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ عیدگاہ شریف، لیاقت باغ، موہڑہ شریف اور امام بارگاہ قدیمی سمیت مختلف مقامات پر شہریوں کی بڑی تعداد نمازِ عید کیلئے جمع ہوئی۔

نماز کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے ایک دوسرے کو عید الاضحی کی مبارکباد دی اور گلے مل کر خوشیوں کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : عید قربانی، ایثار اور اطاعتِ الٰہی کے عظیم جذبے کی علامت ہے: مسلح افواج

 اس کے بعد ملک بھر میں سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شہریوں نے گائے، بکرے، دنبے اور اونٹ قربان کیے جبکہ قربانی کا گوشت غریبوں، مسکینوں اور مستحق افراد میں تقسیم کیا گیا۔

گلی محلوں اور گھروں میں عید الاضحی کی خوشیاں دیدنی رہیں، بچے نئے کپڑوں میں ملبوس دکھائی دیے جبکہ خواتین نے خصوصی پکوان تیار کیے۔ مختلف علاقوں میں باربی کیو، کباب، قورمہ اور دیگر روایتی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔

ملک بھر میں عید الاضحی کے اجتماعات اور قربانی کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ صفائی ستھرائی کیلئے بلدیاتی اداروں کی جانب سے خصوصی ٹیمیں بھی تعینات رہیں۔

علماء کرام نے اپنے پیغامات میں کہا کہ عید الاضحی ہمیں قربانی، صبر، اخوت اور اللہ کی رضا کیلئے ہر چیز قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔

Scroll to Top