کوئٹہ کی بلیلی چیک پوسٹ پر پیش آنے والے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایک گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش اپنے اور اپنے ساتھیوں کے کردار کا اعتراف کر لیا۔
ملزم، جس نے اپنا نام شفیق اور والد کا نام عجب خان بتایا، نے بیان دیا کہ انہوں نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر سڑک بند کی تھی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر پتھراؤ کیا تھا۔
دورانِ گفتگو ملزم نے کہا کہ “ہم سے غلطی ہوئی ہے، انشاءاللہ آئندہ ایسا نہیں کریں گے، ہم معافی چاہتے ہیں اور دوبارہ ایسی حرکت نہیں دہرائیں گے۔”
واقعے کے مطابق بلیلی چیک پوسٹ پر مبینہ طور پر بعض افراد نے عارضی دیوار توڑ کر چور راستے سے نکلنے کی کوشش کی، جس پر فرنٹیئر کور (ایف سی) اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ روکنے پر مبینہ طور پر اہلکاروں پر پتھراؤ کیا گیا، تاہم جوابی کارروائی کے بعد صورتحال قابو میں آ گئی۔
حکام کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر چلنے والے بعض دعوؤں کے حوالے سے بھی وضاحت سامنے آ رہی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔





