پاکستان کا دفاع آہنی ہاتھوں میں ہے، آپریشن غضب للحق سے تمام فتنوں کا خاتمہ ہوگا، وزیراعظم

پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کو 28 سال مکمل ہو گئے ہیں، اور ملک بھر میں 28 مئی کو “یومِ تکبیر” کے طور پر بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

یہ دن اس تاریخی موقع کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے ضلع چاغی میں کامیاب ایٹمی تجربات کیے اور دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معماروں، ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ثمر مبارک مند کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر پاکستان ایٹمی طاقت نہ بنتا تو دشمن کسی بھی حد تک جا سکتا تھا، تاہم ایٹمی صلاحیت اور مسلح افواج ملک کے دفاع کی مضبوط ضمانت ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، ٹیکس ریٹرن فائل کرنا ہوگیا آسان

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے پہلگام فالس فلیگ آپریشن جیسی سازشیں کی گئیں، لیکن پاکستان کی قوم اور افواج نے متحد ہو کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں “بنیان المرصوص” جیسے اقدامات پاکستان کی پیشہ ورانہ اور دفاعی صلاحیت کا واضح ثبوت ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ بعض عناصر اور پراکسیز، جن میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان شامل ہیں، دشمن کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان کی افواج جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہیں اور وطن کے چپے چپے کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف، ایئر چیف اور نیول چیف نے قوم کو یومِ تکبیر کی مبارکباد دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 28 مئی 1998 پاکستان کی تاریخ کا وہ لمحہ تھا جب ملک نے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن قائم کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری کردیا

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ دن قومی اتحاد، استقامت، خودمختاری اور دفاعی عزم کی علامت ہے۔ ادارے کے مطابق پاکستان کی دفاعی صلاحیت ایک قومی امانت ہے جس کی بنیاد سائنسدانوں، انجینئرز اور مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں اور محنت پر رکھی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ تاریخی کامیابی پاکستان کی مدبر قیادت اور قوم کے اجتماعی عزم کا نتیجہ ہے، اور یہ دن اس عہد کی تجدید کا موقع ہے کہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

یومِ تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جن میں پاکستان کی دفاعی کامیابی اور قومی اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top