مردان: رستم میں دو حادثے، خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی

شہزاد احمد

مردان : رستم کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 16 افراد زخمی ہو گئے جبکہ ایک علیحدہ واقعے میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

پہلا حادثہ چارگلی کے مقام پر پیش آیا جہاں ایک لوڈر چنگ چی الٹنے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی ایمبولینسیں اور میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسرا حادثہ رستم شہیدانو کے علاقے میں پیش آیا جہاں دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں 18 سالہ خذیفہ، 17 سالہ عاصم، 60 سالہ لیار خان، 16 سالہ سید عمر اور 28 سالہ عباس شامل ہیں، جو مختلف علاقوں کے رہائشی ہیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری رسپانس دیتے ہوئے تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

اسی دوران چارسدہ کے تھانہ تنگی کے علاقے جرعہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر زبانی تکرار کے بعد فائرنگ کر دی گئی، جس کے نتیجے میں 17 سالہ عادل ولد ارشد جاں بحق ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں : عید کے پہلے دن ریسکیو 1122 کا بڑا رسپانس، 677 ایمرجنسیز میں بروقت امدادی کارروائیاں

ذرائع کے مطابق ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعہ مبینہ طور پر دوستی کے تنازع کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ علاقے میں صورتحال کشیدہ رہی۔

ریسکیو اور پولیس حکام نے تمام واقعات کی الگ الگ تفتیش شروع کر دی ہے اور مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top