گاڑی خریدنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری، فورچیونر کی قیمتوں میں لاکھوں روپے کمی

ٹویوٹا انڈس موٹرز کمپنی نے اپنی مقبول ایس یو وی ٹویوٹا انڈس موٹرز کمپنی کی جانب سے ٹویوٹا فورچیونر کے پیٹرول ویریئنٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

کمپنی کے مطابق صرف پانچ ماہ کے دوران یہ دوسری مرتبہ ہے جب فورچیونر کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے، جسے آٹو مارکیٹ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اعلان کے مطابق فورچیونر جی پیٹرول ویریئنٹ کی قیمت میں 25 لاکھ 4 ہزار روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 1 کروڑ 24 لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ ماڈل 1 کروڑ 49 لاکھ 39 ہزار روپے میں فروخت کیا جا رہا تھا۔

اسی طرح فورچیونر وی پیٹرول ویریئنٹ کی قیمت میں بھی 25 لاکھ 74 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 1 کروڑ 49 لاکھ 35 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

کمپنی نے قیمتوں میں اس نمایاں کمی کو اپنی 35ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی پیشکش قرار دیا ہے۔

آٹو انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق کسی پریمیم ایس یو وی کی قیمت میں اتنی بڑی کمی غیر معمولی اقدام ہے۔ ان کے مطابق اس فیصلے کے پیچھے مارکیٹ کی بدلتی صورتحال، گاڑیوں کی فروخت میں کمی، صارفین کی کمزور قوت خرید اور بڑھتا ہوا مسابقتی دباؤ جیسے عوامل شامل ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی واشنگٹن روانگی، اہم ملاقاتیں شیڈول

ٹویوٹا فورچیونر پاکستان میں ایک مقبول پریمیم گاڑی سمجھی جاتی ہے جو اپنے مضبوط ڈیزائن، دشوار گزار راستوں پر بہتر کارکردگی اور خاندانی استعمال کے باعث صارفین میں خاصی پسند کی جاتی ہے۔

قیمتوں میں کمی کے بعد توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ خریداروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ آیا دیگر آٹو کمپنیاں بھی اسی طرح قیمتوں میں رد و بدل کرتی ہیں یا نہیں۔

Scroll to Top