پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ون ڈے میچ میں نوجوان اسپنر عرفات منہاس نے اپنے پہلے ہی میچ میں تاریخی اور تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی ہے۔
اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہی عرفات منہاس ون ڈے ڈیبیو پر 5 وکٹیں لینے والے پاکستان کی کرکٹ تاریخ کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کا 42 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے اس سے قبل 1984 میں ذاکر خان نے اپنے ڈیبیو میچ میں 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
عرفات منہاس کی اس جادوئی بولنگ کی بدولت مہمان ٹیم آسٹریلیا پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45 ویں اوور میں محض 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی ہے اور پاکستان کو جیت کے لیے 201 رنز کا آسان ہدف ملا ہے۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو بولرز نے درست ثابت کر دکھایا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر الیکس کیری 19 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد جوش انگلس 13 رنز، مارنس لیبوشین اور کیمرون گرین بغیر کوئی رن بنائے یکے بعد دیگرے عرفات منہاس کا شکار بنے۔
آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو شارٹ 55 اور میٹ رینشا 61 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ اولیور پیک 7، نیتھن ایلس 8، تنویر سنگھا صفر اور میتھیو کوہنیمین 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی طرف سے عرفات منہاس نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں لیں جبکہ ابرار احمد نے 2، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔





