درہ آدم خیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، طارق گیدڑ گروپ کےاہم کمانڈرزسمیت8 دہشت گرد ہلاک

کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل میں سیکیورٹی فورسز کی گزشتہ روز سے جاری کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے ہیں۔ س

یکیورٹی ذرائع کے مطابق جہنم واصل ہونے والے تمام خوارجیوں کا تعلق فتنہ الخوارج کے بدنام زمانہ طارق گیدڑ گروپ سے تھا۔

ہلاک ہونے والے خوارجین میں اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں جن کی شناخت خارجی داؤد ولد صاحب شاہ سکنہ زوڑ کلے، خارجی حمزہ، قاری زینت اللہ اور قاری لونگین کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں شامل قاری زینت اللہ اور قاری لونگین کا تعلق افغانستان سے ہے جبکہ باقی ہلاک ہونے والے خوارج کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔

واضح رہے کہ فتنہ الخوارج کا طارق گیدڑ گروپ گزشتہ طویل عرصے سے کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل اور اس کے گردونواح کے ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں براہِ راست ملوث رہا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ اور کلیئرنس آپریشن اب بھی تیز رفتاری سے جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک سے آخری خوارجی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف یہ کارروائیاں بلا امتیاز اور پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔

Scroll to Top