خانپور: خانپور ڈیم میں نہاتے ہوئے افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں دوست کو بچانے کی کوشش میں دو نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک نوجوان کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تین دوست نہانے کے لیے خانپور ڈیم کے پانی میں اترے۔ اس دوران ایک نوجوان اچانک گہرے پانی میں چلا گیا، جسے بچانے کے لیے اس کے دو دوست بھی پانی میں کود گئے۔
تاہم پانی کے تیز بہاؤ اور گہرائی کے باعث تینوں نوجوان ڈوب گئے۔
ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کرتے ہوئے دو نوجوانوں کی لاشیں پانی سے نکال لیں، جبکہ تیسرے نوجوان کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر فوری طور پر خانپور اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عوامی نیشنل پارٹی میں بڑا تنظیمی فیصلہ، اہم شخصیت کی بنیادی رکنیت ختم
ادھر ایک علیحدہ واقعے میں شیخوپورہ میں نہر اپر چناب سے ڈوبنے والے نوجوان کی لاش چار روز بعد برآمد کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 18 سالہ تصور علی نہاتے ہوئے نہر میں ڈوب گیا تھا، جس کی تلاش ریسکیو ٹیموں کی جانب سے مسلسل جاری تھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق دونوں واقعات کے بعد متعلقہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات اور شہریوں کو پانی کے خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





