اسرائیل کا جنوبی لبنان میں طے شدہ منصوبے کے تحت آپریشن جاری رکھنے کا اعلان

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں اپنے طے شدہ منصوبے کے مطابق کارروائیاں جاری رکھے گی اور اس مؤقف میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح طور پر آگاہ کیا ہے کہ اگر حزب اللہ نے اسرائیلی شہروں اور شہریوں پر حملے بند نہ کیے تو اسرائیل بیروت میں موجود مبینہ دہشت گرد اہداف کو نشانہ بنانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج جنوبی لبنان میں پہلے سے طے شدہ حکمت عملی کے تحت کارروائیاں جاری رکھے گی اور سیکیورٹی صورتحال کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے امریکا کے ساتھ رابطوں کی معطلی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیتن یاہو سے ہنگامی رابطہ کیا تھا اور مبینہ طور پر لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کو روکنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے فیصلے سے فرق نہیں پڑتا، ڈیل کیلئے تیار ہوا تو بات ہوگی، ٹرمپ

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر بیان میں کہا کہ بیروت کی جانب کسی بھی نئی فوجی کارروائی کا ارادہ نہیں ہے اور پہلے سے روانہ کیے گئے فوجی دستوں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ سطحی نمائندوں کے ذریعے حزب اللہ کے ساتھ رابطے ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں جنگ بندی پر ابتدائی اتفاق سامنے آیا ہے۔

ٹرمپ کے مطابق اس مفاہمت کے تحت اسرائیل حزب اللہ پر حملے نہیں کرے گا اور جواباً حزب اللہ بھی اسرائیلی اہداف کو نشانہ نہیں بنائے گا، تاہم تازہ بیانات کے بعد خطے کی صورتحال ایک بار پھر غیر یقینی کا شکار دکھائی دیتی ہے۔

Scroll to Top