اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے زیرِ اہتمام امریکہ کی 250ویں سالگرہ کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعظم شہباز شریف کےعلاوہ سفارتی شخصیات، حکومتی نمائندوں، کاروباری حلقوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےامریکی ڈپٹی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات قائم ہیں، جو باہمی احترام، تعاون اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر استوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود شراکت داری مختلف شعبوں میں مسلسل فروغ پا رہی ہے اور مستقبل میں اس کے مزید مستحکم ہونے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
نیٹلی بیکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری ایک مشترکہ جذبے اور تعاون کی روح کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام، اقتصادی ترقی اور عوامی فلاح کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں،صدر ٹرمپ نے ایران سے جنگ بندی پر وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں کو سراہا۔
نیٹلی بیکر نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل سید عاصم منیر خطے میں اور بین الاقوامی سطح پر امریکا کے بااعتماد ساتھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور تعلیم، تجارت، توانائی، صحت، موسمیاتی تبدیلی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط اور باہمی اعتماد اس شراکت داری کا اہم ستون ہیں۔
امریکی ناظم الامور نے اس موقع پر امریکہ کی 250 سالہ تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفر جمہوری اقدار، جدت، ترقی اور عالمی تعاون کی ایک مثال ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکہ دنیا بھر میں اپنے شراکت دار ممالک کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام جاری رکھے گا۔
تقریب کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو بھی اجاگر کیا گیا، جبکہ شرکاء نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ اور مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبوں کی امید کا اظہار کیا۔





