اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات آٹھ دہائیوں پر محیط ہیں اور امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کا یہ سفر آئندہ برسوں میں مزید مستحکم ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت میں امریکا کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی انتظامیہ اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل سید عاصم منیر امریکا کے بااعتماد ساتھی ہیں، نیٹلی بیکر
انہوں نے کہا کہ امریکا کی تاریخ امید، ترقی اور روشن خیالی کی عکاس ہے، جبکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط تعلقات موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قیامِ پاکستان کے بعد امریکا ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے پاکستان کو تسلیم کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ امریکی جامعات سے تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں پاکستانی ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان دنیا کی بڑی فری لانس افرادی قوت رکھنے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں خدمات انجام دینے والے ماہر ڈاکٹروں میں بھی بڑی تعداد پاکستانیوں کی ہے جو انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکا نے تاریخ کے کئی اہم مراحل میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بروقت مداخلت کے نتیجے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی اور جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے ان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو ’’مین آف پیس‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے خطے میں جلد پائیدار امن قائم ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ ہفتے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات مثبت اور تعمیری رہی۔
یہ بھی پڑھیں : دعا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر امن کی کوششوں میں کامیاب ہوجائیں،بلاول
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے نیٹلی بیکر کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے پاکستان میں امریکا کی بہترین نمائندہ کے طور پر کام کیا۔ ان کے بقول نیٹلی بیکر کی فعال سفارت کاری نے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا اور انہیں ایک ’’امن کے داعی‘‘ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان ایک مخلص ثالث کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور اس اعتماد کے اظہار پر دونوں ممالک کا شکر گزار ہے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔





