بجٹ سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس طلب

اسلام آباد: بجٹ سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، جس میں اربوں روپے کے اضافی فنڈز، ضمنی گرانٹس اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) پروگرام کے لیے 7 ارب روپے سے زائد گرانٹ کی منظوری پر غور کیا جائے گا، جبکہ پاکستان لینڈ پورٹس اتھارٹی کے لیے 52 کروڑ 80 لاکھ روپے کی گرانٹ کی تجویز بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

اجلاس میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے لیے 15 کروڑ روپے اضافی فنڈز کی منظوری پر بھی غور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریکوڈک منصوبے کی سیکیورٹی ادائیگیوں کے لیے 41 کروڑ روپے سے زائد گرانٹ کی تجویز بھی زیر غور آئے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد پیکج کے ترقیاتی فنڈز کی منتقلی اور خیبر پختونخوا کے خصوصی پروگراموں کے لیے فنڈز کی منتقلی بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران اور روس کے درمیان 25 ارب ڈالر کی جوہری تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پاکستان منٹ کی اپ گریڈیشن کے لیے ایک ارب 30 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری پر غور کیا جائے گا، جبکہ اسلام آباد امن مذاکرات کی سیکیورٹی کے لیے 69 کروڑ روپے کے فنڈز کی درخواست بھی پیش کی جائے گی۔

اجلاس میں پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے لیے سنڈیکیٹڈ فنانسنگ سہولت اور آئل ریفائنری اپ گریڈیشن منصوبے سے متعلق معاہدے پر بھی غور متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق مختلف وزارتوں کے لیے ضمنی گرانٹس اور اضافی فنڈز کی منظوری بھی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں زیر غور آئے گی۔

Scroll to Top