کاشف عزیز
پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) نے گلگت بلتستان کے آئندہ عام انتخابات 2026 میں باقاعدہ سیاسی تعاون اور اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔
گلگت پریس کلب میں منعقدہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خطے کی ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کے لیے مشترکہ انتخابی مہم چلائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے رہنما غلام مصطفیٰ ملک کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت وفاق کی نمائندہ ہے اور ہمیشہ قومی مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ اس سیاسی تعاون کا فیصلہ پارٹی قائد چوہدری شجاعت حسین کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے تاکہ گلگت بلتستان میں سیاسی استحکام اور بہتر حکومت سازی کی راہ ہموار کی جا سکے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ہمایوں خان نے مسلم لیگ (ق) کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے پیپلز پارٹی کی انتخابی پوزیشن خطے میں مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی امیدیں پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں اور وہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے خطے میں عوامی خدمت کے سفر کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ گلگت بلتستان کے روشن مستقبل کے لیے مل کر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتخابات 2026 میں اس اشتراک کے انتہائی مثبت اور مؤثر نتائج سامنے آئیں گے۔
مسلم لیگ (ق) کے ترجمان نے بھی اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ سیاسی ہم آہنگی، تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے دونوں جماعتیں مکمل طور پر ایک پیج پر ہیں۔





