واشنگٹن: امریکا نے ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو آئندہ فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ویزے جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد ٹیم کی ایونٹ میں شرکت کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
وائٹ ہاؤس حکام نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں ماہ شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے ایرانی کھلاڑیوں کو امریکا میں داخلے کے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔ ایک وائٹ ہاؤس اہلکار کے مطابق یہ ویزے راتوں رات جاری کیے گئے۔
اس سے قبل ایران کے میکسیکو میں سفیر ابوالفضل پسندیدہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹیم کو تاحال امریکی ویزے موصول نہیں ہوئے، تاہم امریکی حکام کے مطابق بعد ازاں یہ ویزے جاری کر دیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی فٹبال فیڈریشن نے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا، جبکہ ایرانی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ٹیم کے بعض تکنیکی اسٹاف کو ابھی تک ویزے جاری نہیں کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی صاحب، “کالے چینل” کا راگ الاپ کر اپنے کرتوتوں پر پردہ نہیں ڈال سکتے، ہمت ہے تو نام بھی لے لیں، ارباب خضرحیات
واضح رہے کہ ایران کی قومی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے گروپ جی کا پہلا میچ 15 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف لاس اینجلس میں کھیلے گی۔
اسی شہر میں ایران کا بیلجیئم کے خلاف بھی میچ شیڈول ہے، جبکہ تیسرا گروپ میچ سیئٹل میں مصر کے خلاف ہوگا۔





