ملازمین کی مفت بجلی ختم کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن معطل،پشاور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ

ملازمین کی مفت بجلی ختم کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن معطل،پشاور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ

پشاور ہائیکورٹ نے ٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) کے ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کے خلاف دائر درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق عدالتِ عالیہ نے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی مفت بجلی معطل کرنے کے حکومتی فیصلے کو عارضی طور پر روکتے ہوئے وفاقی حکومت کے 5 دسمبر 2023 اور 6 مئی 2026 کے نوٹیفکیشنز پر عملدرآمد معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی عدالت نے کیس کے تمام فریقین کو باقاعدہ نوٹسز جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 18 جون تک ملتوی کر دی ہے۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ مفت بجلی کی فراہمی ملازمین کی ملازمت کے بنیادی معاہدے کا لازمی حصہ ہے، اس لیے حکومت کی جانب سے اس دیرینہ سہولت کا یکطرفہ خاتمہ سراسر غیر قانونی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان سے میڈیکل ڈگری یافتہ طلبہ کے حق میں پشاور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ

انہوں نے دلیل دی کہ حکومت کا یہ اقدام آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 4، 18، 24 اور 25 کی صریحاً خلاف ورزی ہے جس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

عدالت کو مزید بتایا گیا کہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت سابقہ نگران حکومت نے ختم کی تھی جبکہ نگران حکومت کے پاس یہ قانونی اور آئینی اختیار ہی نہیں تھا کہ وہ ایسے بڑے پالیسی فیصلے کر کے ملازمین کے بنیادی حقوق کو متاثر کرے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ٹیسکو ایک آزاد کارپوریٹ ادارہ ہے اس لیے حکومت کا یکطرفہ نوٹیفکیشن کمپنی کے اپنے طے شدہ طریقہ کار اور قواعد و ضوابط سے بھی مطابقت نہیں رکھتا۔

Scroll to Top