چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات انتہائی پُرامن ماحول میں منعقد ہوئے ہیں اور الیکشن کمیشن کو اب تک کسی بھی حلقے سے کسی قسم کی بدامنی یا بے ضابطگی کی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرکے انتخابی عمل کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز میں موجود ووٹرز نے انتہائی جوش و خروش کے ساتھ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا جس پر وہ انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر عوام کے شکر گزار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گلگت بلتستان انتخابات، غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے
راجا شہباز خان نے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بتایا کہ امن و امان برقرار رکھنے اور پُرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے 15 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
انہوں نے خطے میں سیاسی شعور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں اس بار تاریخی انتخابات ہوئے ہیں اور عوام میں سیاسی شعور بڑھنے کے باعث تقریباً 70 فیصد تک بھاری ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق سال 2020 کے انتخابات میں بھی عوام کا ایسا جوش و خروش دیکھنے میں نہیں آیا تھا جتنا اس بار دیکھنے کو ملا ہےاور پورا انتخابی عمل بغیر کسی تعطل کے پُرامن طریقے سے مکمل ہوا ہے۔





