امریکا محفوظ رہنا چاہتا ہے تو خطے سے نکل جائے، عباس عراقچی

تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا محفوظ رہنا چاہتا ہے تو اسے خطے سے نکل جانا چاہیے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں عباس عراقچی نے ایران پر امریکی حملوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے میدان جنگ میں ناکامیوں کے باوجود ایران کے عزم اور قوتِ ارادی کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اپنی شکستوں کے باوجود ایران کی مزاحمتی صلاحیت کا امتحان لینا چاہتا ہے، تاہم ایرانی قوم اور مسلح افواج کسی بھی حملے یا دھمکی کا جواب دیے بغیر نہیں رہیں گی۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کی طاقتور مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا نے فوجی ہیلی کاپٹر گرانے کے جواب میں ایران پر حملہ کر دیا، مختلف علاقوں میں دھماکے

عباس عراقچی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ حملے یا دباؤ کا سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی سلامتی، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ کے اس بیان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ تناؤ کے باعث صورتحال پر عالمی سطح پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

Scroll to Top