نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بالائی علاقوں میں 15 جون تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ جبکہ گلگت بلتستان کے گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت کے علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاح اور مسافر شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ادارے نے 12 سے 15 جون کے دوران گلگت بلتستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا بھی انتباہ جاری کیا ہے۔ قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ-اسکردو روڈ کے مختلف مقامات پر عارضی بندش اور سفری مشکلات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 11 سے 13 جون کے دوران اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔





