پشاور: نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور ہنرمندی کی جانب راغب کرنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت مفت پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام کے داخلے شروع کر دیے گئے ہیں۔
یہ پروگرام نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور لائیو اسٹاک ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کی مشاورت اسٹرٹیجک انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو لائیو اسٹاک انڈسٹری سے متعلق ہائی ڈیمانڈ اسکلز میں تین ماہ کی مفت تربیت دی جائے گی، جن میں فش فارمنگ سمیت مختلف عملی مہارتیں شامل ہیں۔

پروگرام میں اسسٹنٹ سلاٹرر / ہیلپر (لیول ٹو)، فش فارمنگ، کولڈ چین مینجمنٹ اینڈ ایکسپورٹ لاجسٹکس، اور میٹ پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اینڈ پریزرویشن جیسے اہم شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق تربیتی مراکز مردان اور پشاور میں قائم کیے گئے ہیں جبکہ درخواست دینے کے لیے عمر کی حد 18 سے 40 سال مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کے لیے کم از کم تعلیمی معیار مڈل یا میٹرک رکھا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نشستیں محدود ہیں، اس لیے خواہش مند افراد کو جلد از جلد آن لائن رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لاکھوں غیر ملکیوں کیلئے خوشخبری، یو اے ای نے بڑا ریلیف دے دیا
دلچسپی رکھنے والے امیدوار سرکاری پورٹل [www.nsis.gov.pk](http://www.nsis.gov.pk) کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
یہ اقدام ملک میں نوجوانوں کو ہنر کی بنیاد پر روزگار سے جوڑنے اور عملی مہارتوں کے فروغ کے لیے حکومتی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔





