آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2027 تقریباً پچیس برس بعد ایک بار پھر افریقی سرزمین پر منعقد ہونے جا رہا ہے جس کی میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بڑے ٹورنامنٹ کا انعقاد 4 اکتوبر سے 21 نومبر تک متوقع ہے۔ ان مجوزہ تاریخوں کی منظوری حال ہی میں احمد آباد میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ اجلاس میں دی گئی ہے جبکہ حتمی توثیق اگلے ماہ ایڈنبرا میں ہونے والی آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا اس میگا ایونٹ کے زیادہ تر میچز کی میزبانی کرے گا اور ٹورنامنٹ کے کل 54 میں سے کم از کم 41 مقابلے جنوبی افریقا کے آٹھ مختلف اسٹیڈیمز میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب زمبابوے کے حصے میں 8 سے 10 میچز آنے کی توقع ہے جبکہ پہلی بار میزبان بننے والے ملک نمیبیا کو 3 میچز کی میزبانی ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کرکٹر شاہین آفریدی ٹیسٹ ٹیم سے مستقل طور پر باہر، پی سی بی کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا
یہ سال 2003 کے بعد افریقا میں ہونے والا پہلا مینز ون ڈے ورلڈ کپ ہوگاکیونکہ آخری بار یہ ایونٹ جنوبی افریقا، زمبابوے اور کینیا نے مل کر منعقد کیا تھا۔
کرکٹ شائقین کے لیے ورلڈ کپ 2027 میں ایک اور بڑی تبدیلی 14 ٹیموں کے روایتی فارمیٹ کی واپسی ہوگی۔ گزشتہ دو ورلڈ کپ ایڈیشنز میں صرف 10، 10 ٹیمیں شریک تھیںتاہم اب ٹیموں کی تعداد بڑھا کر انہیں سات، سات کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ فارمیٹ کے مطابق ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں اگلے راؤنڈ یعنی سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں سے سیمی فائنل کی لائن اپ کا فیصلہ ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی کے مستقل اور مکمل رکن ممالک ہونے کے باعث جنوبی افریقا اور زمبابوے کی ایونٹ میں براہِ راست شرکت متوقع ہے۔ دوسری جانب نمیبیا کو بطور میزبان کوئی رعایت نہیں ملے گی اور اسے ورلڈ کپ کے اہم مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے سخت کوالیفائنگ راؤنڈ کا مرحلہ عبور کرنا ہوگا۔





