پاکستان آرمی نے برطانیہ میں منعقدہ بین الاقوامی پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026 جیت کر ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں ہونے والے سالانہ بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کی نمائندہ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان آرمی ٹیم نے نہ صرف اوورآل ٹیم ٹرافی اپنے نام کی بلکہ بیسٹ پیس اسٹکر اور بیسٹ ڈرائیور کے اعزازات بھی حاصل کیے، یوں مقابلے کے تمام بڑے اعزازات سمیٹ کر کلین سوئپ کر لیا۔
میجر حیدر گلزار کی قیادت میں 9 رکنی پاکستانی دستے نے دنیا بھر سے شریک 16 بین الاقوامی فوجی ٹیموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور اعلیٰ تربیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
پاکستانی ٹیم 5 جون کو برطانیہ پہنچی تھی اور مختصر وقت میں تاریخی کامیابی حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا۔
رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں منعقدہ اس سخت اور مسابقتی مقابلے میں پاکستان آرمی کی کارکردگی کو عالمی فوجی حلقوں میں سراہا گیا، مقابلے کے دوران پاکستانی ٹیم کی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا بھی مانا گیا۔
دفاعی مبصرین کے مطابق یہ کامیابی پاکستان آرمی کے اعلیٰ تربیتی معیار، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور غیر معمولی لگن کا واضح ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شندور پولو فیسٹیول 2026 کا رنگا رنگ آغاز، روایتی حریف ٹیموں میں سنسنی خیز مقابلہ
عالمی سطح پر حاصل ہونے والی یہ فتح نہ صرف پاک فوج بلکہ پوری قوم کے لیے فخر اور اعزاز کا باعث ہے۔
سینڈہرسٹ میں پاکستان کا پرچم سربلند کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ پاک فوج عالمی معیار کے فوجی مقابلوں میں نمایاں مقام رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔





