بارشیں ابھی ختم نہیں ہوئیں! نئی پیشگوئی نے گرمی سے پریشان عوام کے چہروں پر خوشی بکھیر دی

بارشیں ابھی ختم نہیں ہوئیں! نئی پیشگوئی نے گرمی سے پریشان عوام کے چہروں پر خوشی بکھیر دی

محکمہ موسمیات نے(آج) ہفتے کے روز ملک بھر کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کی نوید سنادی ہے، جبکہ کئی علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ تاہم پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، بنوں، شمالی وزیرستان، ڈی آئی خان، چترال، سوات، دیر، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور پاڑہ چنار سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

پنجاب کے متعدد اضلاع بشمول راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بارکھان، ژوب اور موسیٰ خیل میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، جبکہ سکھر، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز اور دیگر علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

Scroll to Top