یورپ میں روزگار اور کاروبار کے مواقع،نوجونواں کیلئے بڑی خوشخبری

سویڈن کی حکومت نے غیر یورپی یونین ممالک کے باصلاحیت اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کے لیے ایک خصوصی رہائشی اجازت نامہ متعارف کروایا ہے جس کے تحت اب پاکستانی شہریوں کے لیے بھی یورپ میں روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہو گئے ہیں۔

ہائی ٹیلنٹ ویزا نامی اس پروگرام کا بنیادی مقصد دنیا بھر سے ایسے ہنرمندوں کو راغب کرنا ہے جو اپنی بہترین تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی بنیاد پر سویڈن کی لیبر مارکیٹ کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

اس ویزا کے تحت منتخب امیدواروں کو سویڈن جا کر ملازمت تلاش کرنے یا وہاں اپنے کاروبار کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے زیادہ سے زیادہ نو ماہ کا وقت دیا جاتا ہے۔

اس پروگرام میں درخواست دینے کے لیے امیدواروں کا سویڈن سے باہر ہونا لازمی ہے اور ان کے پاس کم از کم ایسی تعلیمی ڈگری ہونی چاہیے جو سویڈن کے سیکنڈ سائیکل تعلیمی معیار کے مساوی ہو۔

اس تعلیمی معیار میں ساٹھ یا ایک سو بیس کریڈٹ آورز کی ماسٹر ڈگری، ایم فل، پی ایچ ڈی یا کوئی بھی مساوی پوسٹ گریجویٹ پروفیشنل ڈگری شامل ہے جبکہ پاکستانی تعلیمی اداروں کی اسناد اگر اس معیار پر پورا اترتی ہوں تو وہ بھی قابل قبول سمجھی جائیں گی۔

مطلوبہ تعلیمی قابلیت کے ساتھ ساتھ امیدواروں کے لیے سویڈن میں قیام کے دوران اپنے اخراجات خود برداشت کرنے کی مالی استطاعت ثابت کرنا بھی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے درخواست گزار کے بینک اکاؤنٹ میں کم از کم تیرہ ہزار سویڈش کرونا ماہانہ کے حساب سے نو ماہ کے لیے کل ایک لاکھ سترہ ہزار سویڈش کرونا کے مساوی رقم ہونی چاہیے جبکہ واپسی کے سفر کے اخراجات کے لیے اضافی فنڈز اور ایک جامع ہیلتھ انشورنس کا ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے جو ہنگامی اور معمول کے طبی اخراجات کو کور کرتی ہو۔

سویڈش مائیگریشن ایجنسی کے مطابق اس پروگرام کی درخواست فیس بائیس سو سویڈش کرونا مقرر کی گئی ہے اور تمام دستاویزات بشمول پاسپورٹ، ڈگریاں، بینک اسٹیٹمنٹ اور انشورنس پیپرز آن لائن پورٹل پر جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مکمل اور درست درخواستوں کا فیصلہ عام طور پر سات ماہ کے اندر کر دیا جاتا ہے تاہم یہ ویزا حاصل کرنے کے بعد امیدوار فوری طور پر کام شروع نہیں کر سکتے بلکہ ملازمت ملنے کی صورت میں انہیں باقاعدہ ورک پرمٹ اور کاروبار شروع کرنے کے لیے سیلف ایمپلائیڈ ویزا کے لیے الگ سے درخواست دینا ہوگی۔

Scroll to Top