دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور میں منعقدہ تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کے فائنل میں گلگت بلتستان کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد چترال کو 5 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میچ کے پہلے ہاف میں چترال کی ٹیم کو برتری حاصل رہی اور اس نے پانچ جبکہ گلگت بلتستان نے چار گول کیے، تاہم دوسرے ہاف میں گلگت بلتستان کی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ایک مزید گول کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر الیون کور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری تھے جنہوں نے گیند پھینک کر فائنل میچ کا افتتاح کیا۔ فیسٹیول پاک فوج، خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، چترال سکاوٹس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔
فائنل میچ دیکھنے کے لیے ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاح شندور پہنچے اور کھیل سے بھرپور لطف اندوز ہوئے۔ میچ میں آئی جی ایف سی میجر جنرل راؤ عمران، کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل ارسلان، کمشنر ملاکنڈ مسعود احمد، سیکرٹری سیاحت خیبرپختونخوا سعادت حسن، ڈی جی ٹورازم اتھارٹی شاہد خان اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران بھی موجود تھے۔
اس شکست کے ساتھ چترال کی ٹیم کو 13 سال بعد شندور پولو فیسٹیول کے فائنل میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ فتح کے بعد گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں اور شائقین نے پولو گراؤنڈ میں بھرپور جشن منایا۔





