طلال چوہدری

طلال چوہدری کا کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی آڈیو لیک پر سخت ردعمل، 500 رائفل مین کا دعویٰ کالعدم کمیٹی کا اصل چہرہ قراردیا

وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے آزاد کشمیر میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی مبینہ کوششوں اور کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کی آڈیو لیک پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس مبینہ شرانگیز آڈیو کو شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ ایک طرف پرامن احتجاج کا دعویٰ کرنا اور دوسری طرف آڈیو کال میں پانچ سو رائفل مین کی موجودگی کی دھمکیاں دینا انتہائی متضاد الفاظ اور منافقت ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ آڈیو لیک دراصل کالعدم ایکشن کمیٹی کا اصل چہرہ ہے جو اب عوام کے سامنے آ چکا ہے۔

وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ نے ملک اور ریاست کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس گھناؤنے کھیل میں ملوث عناصر کے خلاف مناسب اور سخت قانونی کارروائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ منظر عام پر آنے والی اس مبینہ آڈیو میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کارندے ساجد اعظم اور حمید کشمیری کو راولاکوٹ کی طرف پیش قدمی کرنے، مسلح جتھوں کی مدد سے اپنے اسیر ساتھیوں کو چھڑانے اور مخصوص مقامات پر دخل اندازی کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے سنا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے پیچھے کون؟ وفاقی وزیر کے سنسنی خیز انکشافات

آڈیو میں ساجد اعظم نامی کارندہ انتہائی سفاکی سے یہ کہتا بھی سنائی دیتا ہے کہ لوگ تو مرتے ہی رہتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس گفتگو نے کمیٹی کے پرامن ہونے کے سارے دعووں کا ڈھونگ بے نقاب کر دیا ہے اور ان کا مقصد صرف انتشار پھیلا کر دشمن ملک کے بیانیے کو تقویت دینا تھا جس پر اب حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top