اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے تاریخی امن معاہدے کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں سیکریٹری جنرل نے دونوں ممالک کو اس اہم پیش رفت پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ خطے میں جاری تنازع کے پرامن حل کی طرف ایک انتہائی اہم اور فیصلہ کن قدم ہے۔
انتونیو گوتریس کے مطابق یہ تاریخی معاہدہ فوری اور مستقل سیز فائر یعنی جنگ بندی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے میں مددگار ثابت ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ امن ڈیل مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید مذاکرات اور سفارتی روابط کو آگے بڑھانے کے لیے ایک بہترین اور مضبوط فریم ورک فراہم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ مفاہمتی ڈیل پر دستخط ہو چکے،آبنائے ہرمز کھول دی گئی ہے،ٹرمپ کا اعلان
سیکریٹری جنرل نے اس امن معاہدے کو ممکن بنانے کے لیے عالمی برادری بالخصوص علاقائی ممالک کی سفارتی کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی میں پاکستان، قطر، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ سمیت دیگر علاقائی ممالک کے تعمیری اور انتھک کردار کو دل کھول کر سراہا اور ان کی کوششوں پر گہرے تشکر کا اظہار کیا ہے۔





