کیا عوام دو دن بغیر موبائل سروس کے رہیں گے؟ بڑا فیصلہ زیر غور

پشاور: خیبر پختونخوا پولیس نے 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران صوبے میں جزوی طور پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے لیے محکمہ داخلہ کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے خیبر پختونخوا پولیس نے اپنی سیکیورٹی ہوم ورک رپورٹ مکمل کر لی ہے۔

آئی جی خیبر پختونخوا کی ہدایت پر تیار کی گئی اس رپورٹ میں صوبے کے متعدد اضلاع کو ہائی الرٹ پر رکھنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے لیے پاک فوج، فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اور جدید ٹیکنالوجی کی معاونت حاصل کی جائے گی۔

سیکیورٹی رپورٹ کے مطابق صوبے کے 8 اضلاع کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے جن میں پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت اور ضلع کرم شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مزید 6 اضلاع کو حساس کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے جہاں مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو مزید سخت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران صوبے کے 14 اضلاع میں 43 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی ٹی وی اداکارہ سنچیتا اوگلے مبینہ طور پر خودکشی کے واقعے میں جاں بحق

حساس ترین اضلاع میں ایف سی کی اضافی پلاٹونز بھی تعینات کی جائیں گی جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔

پولیس کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سفارش کی گئی ہے کہ 9 اور 10 محرم کو مخصوص اور حساس علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل کی جائے، جس کے لیے محکمہ داخلہ کو باضابطہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

مزید برآں جلوسوں کی فضائی نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹر اور ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا جبکہ حساس اضلاع میں اینٹی ڈرون سسٹم بھی فعال رہے گا تاکہ کسی بھی غیر مجاز سرگرمی کو روکا جا سکے۔

حکام کے مطابق تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران ماتمی کمیٹیوں اور علمائے کرام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Scroll to Top