امریکا سے معاہدے کے بعد ایرانی ریال کی قدر میں نمایاں بہتری، طلب میں غیر معمولی اضافہ
امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی خبروں کے بعد ایرانی ریال کی قدر میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ مارکیٹ میں ایرانی کرنسی کی طلب بھی غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق ایک کروڑ ایرانی ریال کی مالیت میں صرف ایک دن کے دوران تقریباً 1500 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مارکیٹ میں ایک کروڑ ایرانی ریال کی قیمت 4000 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق معاہدے کے اعلان کے پہلے ہی روز 25 ارب ایرانی ریال کی خرید و فروخت ریکارڈ کی گئی، جو سرمایہ کاروں اور خریداروں کی بڑھتی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔
چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ملک بوستان کا کہنا ہے کہ آج بھی ایرانی ریال کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور مارکیٹ میں اس کرنسی کے حوالے سے مثبت رجحان برقرار ہے۔
ماہرین کے مطابق ایران سے متعلق مثبت پیش رفت اور خطے میں کشیدگی میں ممکنہ کمی کے باعث ایرانی ریال پر اعتماد بحال ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں اس کی قدر اور طلب دونوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔





