پیٹرولیم مصنوعات: وفاقی وزیر علی پرویزملک نے بڑی خوشخبری سنادی

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں عوام کو بڑا ریلیف ملنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچانے کے لیے ایک نئے اور شفاف فارمولے کی تیاری کا اعلان کر دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی واضح ہدایت ہے کہ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی اس کمی کا پورا فائدہ بلا تاخیر عوام کو منتقل کیا جائے، جس کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ایک انتہائی شفاف فارمولا تیار کیا جا رہا ہےجبکہ ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر قیمتوں کے تعین کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

بین الاقوامی سیاسی و معاشی تناظر کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ وزیر اعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی مشترکہ سفارتی کاوشیں رنگ لانے لگی ہیں۔ ایران اور امریکہ اس وقت جنگ بندی کے معاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کے آثار کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آنا شروع ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آج عوام کو بڑا ریلیف ملے گا؟ پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق اہم اعلان متوقع

انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں میں کمی کا یہ فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچانے کے لیے جو نئی پالیسی مرتب کی جا رہی ہے، وہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد فائنل کی جائے گی اور حکومت عوام کو قیمتوں میں ردوبدل کی وجوہات سے بھی مکمل طور پر آگاہ رکھے گی۔

ملک کے اندرونی حالات اور توانائی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے سپلائی چین کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ علاقائی چیلنجز اور بحرانوں کے باوجود ملک میں تیل کی سپلائی بلا تعطل جاری رہی، جو کہ حکومت اور اس کے تمام شراکت داروں کی ذمہ دارانہ حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان اس وقت ملک کے توانائی سلامتی کے نظام کا ازسرِ نو جائزہ لے رہی ہے اور پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ قومی یکجہتی اور بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ کرے گا۔

Scroll to Top