ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے فلپائنی شہریوں کے لیے ویزا آن آرائیول کی نئی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اہل مسافر ملک پہنچنے پر ویزا حاصل کر سکیں گے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائن کے محکمہ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ 25 جون 2026 سے فلپائنی پاسپورٹ رکھنے والے مخصوص شہری متحدہ عرب امارات میں آمد پر ویزا حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔
نئی پالیسی کے تحت صرف وہی فلپائنی شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے جن کے پاس امریکا، یورپی یونین کے کسی رکن ملک، آسٹریلیا، جاپان، سنگاپور، جنوبی کوریا، کینیڈا یا نیوزی لینڈ کی جانب سے جاری کردہ مؤثر ویزا، رہائشی اجازت نامہ یا گرین کارڈ موجود ہوگا۔
حکام کے مطابق اہل مسافروں کو متحدہ عرب امارات پہنچنے پر اپنا فلپائنی پاسپورٹ اور متعلقہ ملک کا درست ویزا یا رہائشی اجازت نامہ امیگریشن حکام کے سامنے پیش کرنا ہوگا، جس کے بعد معمول کی جانچ پڑتال مکمل ہونے پر ویزا آن آرائیول جاری کیا جائے گا۔
نئے نظام کے تحت مسافروں کو دو مختلف آپشنز فراہم کیے گئے ہیں۔ پہلا آپشن 14 روزہ ویزا کا ہے جو 100 درہم فیس کے عوض جاری کیا جائے گا اور اسے 250 درہم اضافی فیس کے ساتھ ایک مرتبہ مزید 14 دن کے لیے توسیع دی جا سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں : خلع لینے والی خاتون کو مہر کا کتنا حصہ واپس کرنا ہوگا؟ اہم فیصلہ آگیا
دوسرا آپشن 60 روزہ ویزا کا ہے جس کی فیس 250 درہم مقرر کی گئی ہے، تاہم اس ویزا میں کسی قسم کی توسیع کی اجازت نہیں ہوگی۔
فلپائن کے محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور متحدہ عرب امارات میں مقیم بڑی فلپائنی کمیونٹی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ویزا آن آرائیول کی یہ سہولت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور سفری سہولیات میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔





