امریکا نے ویزوں سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

واشنگٹن: امریکا نے ایتھوپیا میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے مخصوص افراد پر ویزا پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ نئی ویزا پابندیوں کا ہدف ٹیگرے پیپلز لبریشن فرنٹ (ٹی پی ایل ایف) کے سخت گیر مؤقف رکھنے والے رہنما اور ان کے قریبی اہلخانہ ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ٹی پی ایل ایف کے سخت گیر عناصر اور ایتھوپیا کی حکومت کے درمیان بڑھتی کشیدگی سے شمالی ایتھوپیا میں دوبارہ تنازع بھڑکنے اور خطے کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ پالیسی ان افراد کو نشانہ بناتی ہے جو ٹیگرے خطے کے بحران کے حل کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے ذمہ دار ہیں یا اس میں ملوث ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا ایران مفاہمت کے بعد برطانیہ نے یو اے ای کیلئے ٹریول ایڈوائزری اپڈیٹ کر دی

امریکی محکمہ خارجہ نے رواں سال کے آغاز میں ٹی پی ایل ایف اور ایتھوپیا کی سرکاری افواج کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ ٹیگرے کی مرکزی سیاسی جماعت نے مئی میں شمالی ایتھوپیا کے خطے کے سیاسی نظام پر دوبارہ اپنا اثر و رسوخ قائم کیا تھا، جسے وفاقی حکومت کے ساتھ خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے ہونے والے معاہدے کی شقوں سے جوڑا جا رہا ہے۔

Scroll to Top