پشاور: خیبرپختونخوا حکومت آج مالی سال 2026-27 کا سالانہ بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کرے گی، جبکہ بجٹ کی منظوری 28 جون کو دی جائے گی۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق وزیر خزانہ آج 19 جون بروز جمعہ دوپہر دو بجے منعقد ہونے والے اجلاس میں سالانہ بجٹ پیش کریں گے۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا فنانس بل 2026 اور مالی سال 2025-26 کا ضمنی بجٹ بھی ایوان کے سامنے رکھا جائے گا۔
بجٹ پر عمومی بحث کے لیے چار روز مختص کیے گئے ہیں۔ 22، 23، 24 اور 27 جون کو اراکین اسمبلی بجٹ تجاویز پر اظہار خیال کریں گے، جبکہ 28 جون کو مطالباتِ زر اور فنانس بل کی منظوری دی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق 20 اور 21 جون کو قواعد کے تحت اسمبلی اجلاس نہیں ہوگا، جبکہ 25 اور 26 جون کو عاشورہ کی تعطیلات کے باعث ایوان کا اجلاس منعقد نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : بجٹ کے معاملے پر پی ٹی آئی نے پوزیشن واضح کردی، بڑا اعلان
بجٹ سیشن کے دوسرے مرحلے میں 27 جون کو عمومی بحث مکمل ہونے کے بعد سالانہ بجٹ کے مطالباتِ زر پر ووٹنگ ہوگی، جبکہ 28 جون کو فنانس بل کی منظوری اور مجاز اخراجات کے مستند شیڈول کی توثیق کی جائے گی۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کے ضمنی بجٹ پر 29 جون کو عمومی بحث ہوگی، جبکہ 30 جون کو ضمنی بجٹ کے مطالباتِ زر پر ووٹنگ اور مجاز اخراجات کی توثیق کے ساتھ بجٹ کارروائی مکمل کی جائے گی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے بجٹ اجلاس کو صوبے کی آئندہ مالی حکمت عملی، ترقیاتی منصوبوں اور محصولات سے متعلق اہم فیصلوں کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔





