فیفا ورلڈ کپ 2026 میں میزبان میکسیکو نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے جنوبی کوریا کو ایک صفر سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم کا اعزاز حاصل کر لیا۔
میکسیکو اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں فیصلہ کن گول لوئس رومو نے 50ویں منٹ میں اسکور کیا، اس کامیابی کے ساتھ میکسیکو نے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری مسلسل فتح سمیٹ لی، اس سے قبل میزبان ٹیم نے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقہ کو دو صفر سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب کینیڈا نے قطر کے خلاف یکطرفہ مقابلے میں چھ صفر سے شاندار کامیابی حاصل کی، کینیڈا کی جانب سے جوناتھن ڈیوڈ نے ہیٹرک اسکور کرتے ہوئے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ محمد منائی، سالیبا اور کائل لارین نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: مصر اور بیلجیئم کا میچ 1-1 گول سے برابر
ایک اور میچ میں سوئٹزرلینڈ نے بوسنیا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی، سوئس ٹیم کی جانب سے جوہان منزمبی نے دو گول اسکور کیے جبکہ روبین ورگاس اور گرینائٹ ژاکا نے ایک، ایک گول کر کے ٹیم کی کامیابی میں حصہ ڈالا۔ بوسنیا کی جانب سے واحد گول محریمووچ نے اسکور کیا۔
ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں میکسیکو، کینیڈا اور سوئٹزرلینڈ کی متاثر کن کارکردگی نے شائقینِ فٹبال کی توجہ حاصل کر لی ہے جبکہ ناک آؤٹ مرحلے کی دوڑ مزید دلچسپ ہو گئی ہے۔





