پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون خریدنے والے صارفین کے لیے ایک سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک میں غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی ڈیوائسز کو خودکار نظام کے تحت بند کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اسمگل شدہ اور غیر منظور شدہ فونز کی روک تھام کے لیے ڈیوائس ائیڈنٹیفکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کو مزید فعال بنا دیا گیا ہے جو کسی بھی غیر قانونی ڈیوائس کو مقامی نیٹ ورک پر کام کرنے سے روک دیتا ہے۔
اس جدید نظام کے ذریعے ہر موبائل فون کے منفرد شناختی نمبر (IMEI) کی مانیٹرنگ کی جاتی ہے اور جیسے ہی کسی ڈیوائس کی حیثیت غیر قانونی ثابت ہو اسے سسٹم سے بلاک کر دیا جاتا ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد مارکیٹ کو شفاف بنانا، اسمگلنگ کا خاتمہ اور صارفین کو صرف محفوظ اور قانونی فونز کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی اے نے موبائل صارفین کے لیےضروری ہدایات جاری کر دیں
حکام نے واضح کیا ہے کہ بیرونِ ملک سے لائے گئے فونز کو بھی اگر مقررہ وقت کے اندر قانونی طور پر رجسٹرڈ نہ کرایا جائے تو وہ مستقل طور پر بند کر دیے جائیں گے۔
موبائل فونز کی مکمل رجسٹریشن کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے عائد کردہ ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی ادائیگی کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کے بغیر ڈیوائس بحال نہیں ہو سکے گی۔
اتھارٹی نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ نیا یا پرانا موبائل فون خریدنے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت اور پی ٹی اے سے منظوری لازمی چیک کریں تاکہ بعد میں کسی بھی قسم کی پریشانی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔





