کئی خاندانوں کیلئے بڑی خوشخبری، حکومت نے مالی معاونت اسکیموں کا اعلان کردیا

اسلام آباد: حکومت نے سال 2026 میں عوامی ریلیف اور معاشی معاونت کیلئے مختلف فلاحی اور مالی امدادی پروگرام مزید فعال کردیئے ہیں، جن سے مالی مشکلات کا شکار خاندانوں، طلبہ، کسانوں اور کاروبار شروع کرنے کے خواہشمند افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

حکومت کی جانب سے جاری مختلف اسکیموں میں مالی امداد، بلاسود قرضے، تعلیمی سہولتیں، رہائشی منصوبے، فنی تربیت اور مفت طبی سہولیات شامل ہیں۔

مستحق خاندانوں اور خصوصاً خواتین کی مالی معاونت کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جاری ہے، جس کے تحت اہل افراد کو سہ ماہی مالی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ بچوں کی غذائی ضروریات کیلئے بھی اضافی معاونت دی جارہی ہے۔ پروگرام میں شمولیت کیلئے شناختی کارڈ ضروری ہے جبکہ اہل افراد 8171 کے ذریعے اپنی اہلیت بھی جانچ سکتے ہیں۔

نوجوانوں اور کسانوں کیلئے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت کاروبار اور زرعی منصوبوں کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ درخواست گزاروں کیلئے کاروباری منصوبہ پیش کرنا ضروری ہے۔

اسی طرح اخوت فاؤنڈیشن کے ذریعے بلاسود قرضوں کی سہولت بھی جاری ہے، جس سے چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد اپنے روزگار کو وسعت دے رہے ہیں۔ قرض کے حصول کیلئے شناختی دستاویزات کی جانچ کے بعد درخواست کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بڑی کمی

رہائشی سہولتوں کیلئے “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام بھی شامل ہے، جس کے تحت کم اور متوسط آمدن والے خاندانوں کو گھر بنانے یا خریدنے کیلئے مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے۔

طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ اور ڈیجیٹل مہارتوں کے پروگرام متعارف کرائے گئے ہیں، جبکہ نوجوانوں کو آئی ٹی اور مختلف شعبوں میں مفت فنی تربیت دینے کیلئے بھی منصوبے جاری ہیں تاکہ روزگار کے مواقع بڑھائے جاسکیں۔

زرعی شعبے میں کسان معاونت پروگرام کے ذریعے رجسٹرڈ کسانوں کو کھاد، بیج اور زرعی آلات سے متعلق سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

اس کے علاوہ صحت سہولت پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو منتخب اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، جبکہ احساس نشوونما پروگرام کے ذریعے حاملہ خواتین اور کم عمر بچوں کی غذائی ضروریات کیلئے امداد دی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق ان تمام منصوبوں کا مقصد عوام کو معاشی سہارا دینا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور بنیادی سہولتوں تک رسائی آسان بنانا ہے۔ شہری مقررہ طریقہ کار کے مطابق متعلقہ سرکاری دفاتر یا آن لائن پورٹلز کے ذریعے ان اسکیموں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

Scroll to Top