مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بڑی کمی

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی نمایاں کمی کردی گئی ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 48 روپے 29 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 233 روپے 90 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 282 روپے 19 پیسے فی لیٹر تھی۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد لیوی میں بھی بڑا ردوبدل

واضح رہے کہ پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے پٹرول پر عائد پٹرولیم لیوی میں نمایاں کمی جبکہ ڈیزل پر لیوی میں اضافہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرول پر فی لیٹر لیوی 40 روپے 49 پیسے کم کر دی گئی ہے، جس کے بعد پٹرول پر لیوی 106 روپے 74 پیسے سے کم ہو کر 66 روپے 25 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔

دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 19 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈیزل پر لیوی 53 روپے 26 پیسے سے بڑھا کر 72 روپے 97 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل دونوں پر اوسط لیوی 80 روپے فی لیٹر سے کم سطح پر آ گئی ہے، جبکہ دونوں مصنوعات پر مجموعی لیوی 139 روپے 22 پیسے فی لیٹر بنتی ہے۔

Scroll to Top